15 مارچ 2020 - 12:24
سب مل کر امریکہ کی طبی دہشتگردی کا مقابلہ کریں : ایران

ایران کے صدر نے اپنے ہم منصبوں کو لکھے گئے ایک خط میں ان سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام میں ایرانی کوششوں کو نقصان پہنچنے کے سبب امریکی پابندیوں کو نظر انداز کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے چند ممالک کے سربراہوں کو لکھے گئے ایک خط میں عالمی وبا کورونا وائرس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس قسم کی صورتحال میں گزشتہ دو برس سے امریکہ کے غیر قانونی دباو اور اقتصادی پابندیوں کی زد پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا بحران پر قابو پانے کیلئے کوئی بھی ملک تن تنہا کچھ نہیں کر سکتا اور ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اور غیر ملکی کمپیوں کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہ فقط غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے خلاف ہے بلکہ یہ غیر انسانی اور غیر اخلاقی بھی ہے۔

صدر مملکت نے کورونا کو شکست دئے جانے کو ایک عالمی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے چند ممالک کے سربراہوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کی انجام دہی لازم ہے جن سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار 2231 پر عمل در آمد ہو سکے، ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی  پابندیاں بے اثر ہوں اور امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی کا مقابلہ کیا جا سکے۔

صدر روحانی نے مزید کہا کہ کسی بدمعاش کی خاطر معصوموں کو ہلاک کرنے کی اجازت دینا غیر اخلاقی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش کے نام میں ایک خط میں ان سے ایران مخالف امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرنے اور ایران کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی وزارت خزانہ نے دعوی کیا تھا کہ ادویات اور طبی سہولیات کے شعبے میں ایران کے خلاف پابندی نہیں لگائی گئی ہیں، حالانکہ ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکہ نے عملی طور ادویات اور طبی ساز و سامان کی منتقلی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کی ہوئی ہیں۔